ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سے اڈپی اور منگلورو جانے والے دھیان دیں:’میڈیکل ضرورت‘کے کاغذات ساتھ میں نہ ہونے پر شیرور چیک پوسٹ پر ہوسکتی ہے رکاوٹ

بھٹکل سے اڈپی اور منگلورو جانے والے دھیان دیں:’میڈیکل ضرورت‘کے کاغذات ساتھ میں نہ ہونے پر شیرور چیک پوسٹ پر ہوسکتی ہے رکاوٹ

Sat, 18 Jul 2020 12:37:43    S.O. News Service

بھٹکل،18؍جولائی (ایس او نیوز) اڈپی اور جنوبی کینرا میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر وہاں کی ضلع انتظامیہ نے سخت احتیاطی اور امتناعی اقدامات کیے ہیں۔ اڈپی کی سرحدوں کو بیرون ضلع  سے بلاوجہ آنے والی گاڑیوں کی لئے سیل ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

ان حالات میں بھٹکل سے منگلورو یا اڈپی کے سفر پر جانے والی گاڑیوں کو روک دیا جاتا ہے اور صرف روزانہ کی ضروری اشیاء لے جانے والی گاڑیوں اور میڈیکل ضرورت کے تحت اس طرف سفر کرنے والوں کو آگے بڑھنے کی اجازت د ی جارہی ہے۔دوسری ریاستوں سے آنے والی موٹر گاڑیوں پر خصوصی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ان گاڑیوں میں آنے والوں کو اڈپی ضلع کے شہروں اورمحلوں کے اندر داخل ہونے سے روکنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔روزانہ اپنی نوکری یا کاروبار کے لئے کنداپور کی طرف جانے والوں کو شیرور سے واپس لوٹایا جارہا ہے۔اس لئے سب سے بہتر یہ ہے کہ اگر کوئی ایمرجنسی کام نہیں ہے تو پھر اس جانب کا سفر کم ازکم 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردیں۔

 جن لوگوں کو علاج کے لئے کنداپور، اڈپی، منی پال اور منگلورو کی طرف جانے کی ضرورت ہوتو اس کے لئے مریض سے متعلق ڈاکٹروں کے ضروری کاغذات اپنے ساتھ ضرور رکھیں۔ ورنہ شیرور چیک پوسٹ پر بہت زیادہ پوچھ تاچھ ہوگی اور ایمرجنسی ہونے کی صورت میں وہاں پرقیمتی وقت ضائع ہوجائے گا۔ بیندور سرکل پولیس انسپکٹر سریش نے بتایا کہ میڈیکل ایمرجنسی ہونے کی صورت کسی بھی گاڑی کو نہ روکنے کی ہدایات چیک پوسٹ پر دی گئی ہیں، لیکن میڈیکل ضرورت کا بہانہ بناکر اڈپی ضلع کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔


Share: